سمندری میں مضر صحت دودھ ضبط، 100 کلو سے زائد ضائع
سمندری: پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پیرا فورس کی مشترکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں مضر صحت اور غیر معیاری دودھ ضبط کرکے ضائع کر دیا گیا۔ کارروائی عوامی شکایات موصول ہونے پر عمل میں لائی گئی۔
حکام کے مطابق شہر کی معروف شاہراہوں اور چوکوں میں سرکاری نرخوں سے بھی کم قیمت پر فروخت ہونے والے دودھ کی چیکنگ کی گئی۔ معائنہ کے دوران دودھ کو غیر معیاری اور انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 100 کلو سے زائد غیر معیاری دودھ قبضے میں لے کر ضائع کر دیا جبکہ غیر معیاری اور مضر صحت دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔