جرم و سزا
تاریخ اشاعت:

گجرات میں 10 سالہ بچے پر مبینہ تشدد، ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

 گجرات میں 10 سالہ بچے پر مبینہ تشدد، ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ


گجرات (نمائندہ خصوصی) محلہ قدرت آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک وکیل پر 10 سالہ بچے پر مبینہ طور پر تشدد کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ متاثرہ بچے کے اہلِ خانہ کے مطابق بچہ دیگر بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیل کر واپس آ رہا تھا اور گلی میں لگے نلکے سے پانی پی رہا تھا کہ اسی دوران کسی بچے کی جانب سے قریبی گھر کی بیل بجا دی گئی۔

اطلاعات کے مطابق گھر سے باہر آنے والے وکیل نے بچوں کا تعاقب کیا اور بھاگتے ہوئے ایک بچے کو پکڑ لیا۔ الزام ہے کہ ملزم نے بچے کو کرکٹ کے بلے سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے بچے کے جسم پر واضح نشانات آ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق بچہ مسلسل معافی مانگتا رہا مگر تشدد جاری رکھا گیا۔

متاثرہ بچے کے والدین اس وقت عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں، جبکہ بچے کے دادا نے تھانہ شاہین میں درخواست جمع کروا دی ہے۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ملزم کے مبینہ اثر و رسوخ کے باعث تاحال گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

مقامی شہریوں نے حکام بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔


Share Post
روزنامہ عوامی درشن ایپ انسٹال کریں Google Play App Store
آج کے دیگر کالمز