پنجاب شطرنج چیمپئن شپ سائیکل 2026 کے انعقاد کا اعلان
ملتان (سپورٹس رپورٹر)پنجاب شطرنج چیمپئن شپ سائیکل 2026 کا اعلان، تیاریوں کی ہدایت تفصیل کے مطابق چیس ایسوسی ایشن آف پنجاب کے سیکرٹریٹ کی جانب سے پنجاب شطرنج چیمپئن شپ سائیکل 2026 کے انعقاد کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت صوبہ بھر میں اپریل اور مئی کے دوران مختلف سطحوں پر مقابلے منعقد ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق تمام کھلاڑیوں، آفیشلز اور ضلعی ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کلاسیکل چیس چیمپئن شپ سائیکل 2026 کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کریں۔ ایونٹس کی حتمی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق چیمپئن شپ سائیکل کا آغاز اپریل میں ضلعی اور ڈویژنل سطح کے مقابلوں اور کوالیفائرز سے ہوگا، جن کا انعقاد متعلقہ ضلعی ایسوسی ایشنز اور ڈویژنل کوآرڈینیٹرز کریں گے۔دوسرے مرحلے میں مئی 2026 کے دوران پنجاب پروونشل چیس چیمپئن شپ (مرد و خواتین) منعقد ہوگی، جس میں ضلعی و ڈویژنل سطح سے کوالیفائی کرنے والے کھلاڑی شرکت کریں گے۔اس کے بعد کامیاب کھلاڑی نیشنل چیس چیمپئن شپ 2026 میں پنجاب کی نمائندگی کریں گے، جہاں ملک بھر کے بہترین کھلاڑی ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔چیس ایسوسی ایشن آف پنجاب نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ اس چیمپئن شپ سائیکل کو مسابقتی، منظم اور مؤثر بنایا جا سکے۔