لودھراں میں 20کروڑ لاگت سے ڈی سی کمپلیکس تعمیر کرنے کی منظوری
منصوبے کے پہلے مرحلے میں گراؤنڈ فلور، باؤنڈری وال تعمیر کی جائے گی،ڈی سی آفس سمیت اہم دفاتر، ایک ہی جگہ منتقل کئے جائیں گے، کمشنر عامر کریم کی زیر صدارت اجلاس
ملتان،لودھراں (وقائع نگار خصوصی،سٹی رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن بھر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع لودھراں میں ڈی سی کمپلیکس کی تعمیر کی سکیم کی منظوری دے دی گئی، جس پر 20 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں گراؤنڈ فلور اور باؤنڈری وال کی تعمیر کی جائے گی جبکہ ڈی سی آفس سمیت دیگر اہم دفاتر کو جدید سہولیات کے ساتھ ایک ہی جگہ منتقل کیا جائے گا۔اجلاس میں ڈی سی آفس ملتان کی سکیم کے سکوپ آف ورک کی نظرثانی کی بھی منظوری دی گئی۔ نظرثانی کے تحت نئے بلاک کی تعمیر کے ساتھ پرانے ڈی سی آفس کی بحالی، فرنٹ ایلیویشن اور فرنیچر کی بہتری کو بھی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے ۔ یہ تمام اضافی کام 210 ملین روپے کی منظور شدہ لاگت کے اندر ہی مکمل کئے جائیں گے ۔اجلاس کے دوران ڈی سی آفس ملتان کی سکیم کا بھی جائزہ لیا گیا اور پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ، جبکہ منصوبوں کی کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے ۔