خیرپور میں چکن پاکس کا پھیلاؤ، تین دن میں تین نومولود سمیت پانچ بچے جاں بحق
خیرپور میں چکن پاکس نے وبائی صورت اختیار کرلی ہے، جہاں گزشتہ تین دنوں کے دوران تین نومولود بچوں سمیت پانچ بچے جاں بحق ہوگئے۔ محکمہ صحت نے ان میں سے تین بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
مقامی افراد کے مطابق کنب بوزدار وڈا، گاڑہی پل اور گرد و نواح کے دیگر علاقوں میں سو سے زائد بچے چکن پاکس سے متاثر ہیں جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر برکت علی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل نو رکنی کمیٹی روانہ کردی گئی ہے۔ کمیٹی متاثرہ بچوں کے خون سمیت دیگر ضروری ٹیسٹ کرے گی تاکہ بیماری کی شدت اور پھیلاؤ کا درست اندازہ لگایا جاسکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر کے تمام تعلقہ اسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر آئسولیشن وارڈ قائم کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے تاکہ متاثرہ بچوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں اور بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
محکمہ صحت نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ بچوں میں بخار، جسم پر دانے یا دیگر علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔