راولپنڈی میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، آر ڈی اے کی سخت وارننگ 🚨
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر آر ڈی اے کے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ نے غیر قانونی و غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرے گا اور عوام الناس کی آگاہی کے لیے ایک جامع پبلک ایڈوائزری جاری کر دی گئی۔ کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ آر ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریاز میں قائم غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان، سپانسرز اور ڈویلپرز کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ ان علاقوں میں میونسپل کارپوریشن راولپنڈی، تحصیل کونسلز اور ڈسٹرکٹ کونسلز راولپنڈی، ٹیکسلا، گوجر خان، کلر سیداں اور کہوٹہ دائرہ اختیار میں علاقے شامل ہیں۔
کمشنر کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے آر ڈی اے نے کارروائیوں میں مزید تیزی لاتے ہوئے نوٹسز کا اجرا، ایف آئی آرز کا اندراج، دفاتر اور پراجیکٹ سائٹس کو سیل کرنا، غیر قانونی تعمیرات کا انہدام، پراپرٹی ٹرانزیکشنز پر پابندی اور کیسز کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو بھجوانا شامل ہے ۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ مزید معلومات اور تصدیق کے لیے آر ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ www.rda.gop.pk ملاحظہ کریں۔
