اہم خبریں
تاریخ اشاعت:

عالمی یومِ آب: آصف علی زرداری کی بھارت پر تنقید، سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ

 عالمی یومِ آب: آصف علی زرداری کی بھارت پر تنقید، سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ


اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ آب کے موقع پر اپنے پیغام میں بھارت کی جانب سے مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی مذمت کرتے ہوئے ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا شیئرنگ میں خلل پر بھی تحفظات ظاہر کیے اور بھارت سے مطالبہ کیا کہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد بحال کیا جائے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ خطے میں پانی کی منصفانہ تقسیم کا ضامن ہے، جس پر عملدرآمد نہ ہونا تشویشناک ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے عالمی یومِ آب کے رواں سال کے موضوع "پانی اور صنف" پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کی عدم دستیابی کا سب سے زیادہ بوجھ خواتین اور لڑکیوں پر پڑتا ہے، جبکہ ملک کے کئی علاقوں میں عوام غیر محفوظ آبی ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پانی کے حصول میں خواتین کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے اور صاف پانی و نکاسیٔ آب تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اس لیے پانی کی محفوظ فراہمی کو قومی ترجیح بنایا جائے۔

انہوں نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے، آبی وسائل کے مؤثر انتظام اور سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی آبادی کے باعث پانی کے ذخائر پر دباؤ بڑھ رہا ہے، لہٰذا پانی کے استعمال میں احتیاط ناگزیر ہے۔

Share Post
روزنامہ عوامی درشن ایپ انسٹال کریں Google Play App Store
آج کے دیگر کالمز