ہائیکورٹ : پرنسپل سیٹ پر کیسوں کی سماعت کیلئے ترمیمی روسٹر
لاہور(اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ نے عدالت عالیہ لاہور کے پرنسپل سیٹ پر کیسوں کی سماعت کیلئے ترمیمی روسٹر جاری کردیا۔پرنسپل سیٹ پر سوموار سے 28 ججز بطور سنگل بینچ سماعت کریں گے ،پرنسپل سیٹ پر 8 ڈویژن بینچ سول اور فوجداری اپیلوں پر سماعت کرینگے ،پٹرول بچت پالیسی کے تحت سنگل اور ڈویژن بینچز جمعرات تک کیسوں کی سماعت کریں گے ۔اسی طرح جمعہ اور ہفتہ کے روز کیسز ڈائری کیلئے ارجنٹ سیل دس فیصد عملہ کے ساتھ کھلا رہے گا،پرنسپل سیٹ پر اہم اور فوری نوعیت کی درخواستوں پر28 ججز بطور سنگل بینچ سماعت کرینگے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ تمام نوعیت کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔اسی طرح جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ ٹیکس و کمرشل نوعیت کی اپیلوں پر اورجسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 30 مارچ تک ملتان بینچ پر کیسز کی سماعت کرے گا۔جسٹس فیصل زمان خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سول اپیلوں پر،جسٹس چودھری محمد اقبال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سول اپیلوں پر،جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ قتل، اقدام قتل سمیت فوجداری اپیلوں پر،جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ منشیات سے متعلق کیسز کی اپیلوں پرسماعت کرے گا۔