اہم خبریں
تاریخ اشاعت:

سعودی عرب، خلیجی ممالک سمیت کئی ممالک میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے، مسجد نبوی، مسجد الحرام میں نمازِ ادا

 سعودی عرب، خلیجی ممالک سمیت کئی ممالک میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے، مسجد نبوی، مسجد الحرام میں نمازِ ادا


ریاض: (عوامی درشن) سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

نماز عیدالفطر کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں ہوئے، جہاں لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔

شاہ سلمان نے عالمی امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، اور امت مسلمہ کیلئے امن، سلامتی اور استحکام کی دعا کی۔

ادھر ترکیہ، لبنان، یمن، فلسطین اور عراق میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے، آسٹریلیا میں بھی آج عید ہے، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیسی سڈنی کی مسجد گئے جہاں انہوں نے مسلمانوں کے تہوار میں شریک ہوکر انہیں مبارکباد دی۔

امریکا میں بھی عیدالفطر کا چاند نظر آگیا، جہاں عیدالفطر آج منائی جائے گی، برطانیہ سمیت یورپ بھر میں مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے آج عید منانے کا اعلان کر دیا۔

روس کے دارالحکومت ماسکو میں عیدالفطر آج مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی، جس کے لیے شہر بھر کی مساجد اور مخصوص مقامات پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

دنیا نیوز کے خصوصی نمائندے شاہد گھمن کے مطابق مرکزی عید اجتماع ماسکو کی جامع مسجد میں منعقد ہوگا، جہاں روس کے مسلمانوں کے روحانی پیشوا شیخ راویل گائنت الدین خطبہ دیں گے اور نمازِ عید کی امامت کریں گے، نمازِ عید صبح 7 بجے ادا کی جائے گی۔

اس کے علاوہ تاریخی مسجد، میموریل مسجد "شہداء" اور دیگر مساجد میں بھی عید کے بڑے اجتماعات ہوں گے، جبکہ حکومت کی جانب سے نمازیوں کی سہولت کے لیے اضافی مقامات بھی مختص کیے گئے ہیں، حکام کے مطابق عید کے روز تمام مساجد نمازیوں کے لیے کھلی ہوں گی، جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

عیدالفطر کی مرکزی تقریب کی نشریات قومی ٹی وی چینل "روسیا 1" پر بھی نشر کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس بابرکت موقع سے مستفید ہو سکیں، ماسکو کے نواحی علاقوں میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے، جہاں نمازیوں کی آمد صبح 6 بجے سے شروع ہوگی جبکہ نماز 7 بجے ادا کی جائے گی۔

پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش میں کل عید ہوگی

پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، ملائیشیا سمیت مشرقی ممالک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، کل عید منائی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رویت ہلال کمیٹی دہلی نے اعلان کیا ہےکہ بھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، بھارت میں عید الفطر 21 مارچ کو منائی جائے گی۔

بنگلادیشی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا ہے کہ بنگلادیش میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں بھی عیدالفطر 21 مارچ ہفتہ کو ہوگی۔

اس کے علاوہ انڈونیشیا میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید 21 مارچ بروز ہفتہ کو ہوگی۔

Share Post
روزنامہ عوامی درشن ایپ انسٹال کریں Google Play App Store
آج کے دیگر کالمز