اسلام آباد کے راستوں پر سکیورٹی گیٹس اور باڑ کی تنصیب
اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی انتظامات کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کے تمام حساس ایریاز اور عمارتوں کی سکیورٹی کے لیے داخلی و خارجی گیٹس پر کام جاری ہے اور اہم راستوں کے اطراف حفاظتی باڑیں نصب کی جا رہی ہیں۔مزید بتایا گیا کہ اہم مقامات پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور ان کے ذریعے مانیٹرنگ کو مؤثر بنایا جائے گا۔
حساس عمارتوں اور مقامات کے اطراف اضافی سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سکیورٹی گیٹس اور حفاظتی باڑوں کی تنصیب کے کام کو تیز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو، ریڈ زون اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی انتظامات جدید خطوط پر استوار کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اپنے ایریاز کا باقاعدہ دورہ کریں اور تمام اقدامات مقررہ ٹائم لائن کے مطابق جلد مکمل کیے جائیں۔ محمد علی رندھاوا نے زور دیا کہ وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتانہیں کیا جائے گا ۔