قرآنِ مجید مسلمانوں کے لیے مکمل ضابطۂ حیات اور رشد و ہدایت کا بہترین ذریعہ ہے۔" قاری محمد یوسف رضا عطاری
ملتان خطیب جامع مسجد میونسپل کارپوریشن ملتان ممتازآباد، قاری محمد یوسف رضا عطاری نے کہا ہے کہ قرآنِ مجید مسلمانوں کے لیے مکمل ضابطۂ حیات اور رشد و ہدایت کا بہترین ذریعہ ہے۔ اسوۂ حسنہ اور قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد میونسپل کارپوریشن میں تکمیلِ قرآنِ مجید کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیئر سماجی رہنما و ماہرِ تعلیم میاں نعیم ارشد، صدر انجمن تاجران ممتاز آباد ملک محمد شریف ارائیں، سینیئر نائب صدر محمد ندیم قریشی، جنرل سیکرٹری محمد اکرم قریشی، خالد محمود گیلانی، محمد یونس، محمد سلیم نقشبندی، میاں ذیشان ارائیں اور محمد علی بھائی نے اس بابرکت اور روح پرور محفل میں بطورِ خاص شرکت کی۔ قاری محمد یوسف عطاری نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کی طرح اپنی عبادات، خصوصاً نماز اور تلاوتِ قرآنِ مجید کو سال بھر اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ سینیئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد نے کہا کہ عیدالفطر روزہ داروں کے لیے اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہے، لہٰذا معاشرے کے محروم طبقات کو عید کی خوشیوں میں ضرور شامل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو طاغوتی قوتوں کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے، مسلمان ممالک امریکی و اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور سفارتی و تجارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔ انہوں نے امریکہ و اسرائیل کی ایران جنگ میں حکومتِ پاکستان کی حکمتِ عملی کو سراہا۔ امن پسند ممالک جنگ بندی کے اقدامات کریں۔ آخر میں پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ ملتان - جامع مسجد میونسپل کارپوریشن ملتان میں تکمیل قران مجید کی محفل میں قاری یوسف عطاری ،میاں نعیم ارشد، محمد ندیم قریشی ،ملک شریف ارائیں ، عرفان بھائی و دیگر شریک ہیں۔