چیئرمین سینیٹ کی دربار حضرت موسیٰ پاک شہید پر حاضری،قوم اور امت مسلمہ کو اتحاد، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام
ملتان:چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عیدالفطر کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو اتحاد، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں باہمی ہم آہنگی اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام مسلمانوں کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو امن، استحکام اور خوشحالی سے نوازے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے عالمی حالات پر تشویش کا اظہار کیا اور بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ تنازعات کے خاتمہ کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو مزید بدامنی اور انسانی جانوں کے ضیاع سے بچانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔انہوں نے ملک میں جاری سکیورٹی چیلنجز اور دہشت گردی کے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء کی بدولت ملک میں امن قائم ہے، لہٰذا ان کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے عوام کو تلقین کی کہ عیدالفطر کی خوشیوں میں غریبوں، ناداروں اور مستحق افراد کو بھی شامل کیا جائے تاکہ معاشرہ میں ہمدردی، مساوات اور بھائی چارہ کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ عید ہمیں ایثار، قربانی اور دوسروں کا خیال رکھنے کا درس دیتی ہے۔بعد ازاں انہوں نے دربار حضرت موسیٰ پاک شہید کا دورہ کیا، جہاں سجادہ نشین سید ابوالحسن گیلانی نے خصوصی دعا کرائی۔ اس موقع پر سید عبدالقادر گیلانی، سید علی موسیٰ گیلانی، سید علی قاسم گیلانی، سید علی حیدر گیلانی اور سید احمد مجتبیٰ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دربار میں موجود شرکاء نے ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے اجتماعی دعا میں شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عیدالفطر کے موقع پر اتحاد، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ کا یہ دورہ روحانیت اور قومی یکجہتی کے جذبہ کی ایک خوبصورت عکاسی تھا۔