عید پر ٹریفک پولیس کی چالان مہم کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں
فیصل آباد"عیدالفطر کے موقع پر فیصل آباد میں شہریوں کو ٹریفک کے نظام کی بجائے چالان مہم کا سامنا رہا۔ ٹریفک پولیس افسرا ور اہلکار اپنی ڈیوٹیز انجام دینے کی بجائے شہریوں کو روک کر مختلف اعتراضات لگا کر بھاری چالان کرتے رہے ، جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک شدید متاثر ہوئی اور شہری عید کے موقع پر ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں مشکلات کا شکار ہوئے ۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس نے سمندری روڈ، جڑانوالہ روڈ، کینال روڈ، ستیانہ روڈ، ڈی ٹائپ پل چوک، سمن آباد روڈ، عبداللہ پل چوک، ستارہ ٹاور چوک، کشمیر پل چوک اور جیل روڈ سمیت شہر کے اہم چوکوں پر ناکہ بندی پوائنٹس قائم کیے اور ہر آنے جانے والی گاڑی، موٹر سائیکل اور دیگر وہیکلز کو روک کر چالان کیا، جبکہ شہری نظام ٹریفک کے بہتر انتظام کے بجائے صرف چالان مہم کا نشانہ بنتے رہے۔
ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس نے عید کے موقع پر جاری خصوصی ٹریفک پلان پر عمل درآمد نہ کیا، جس کی وجہ سے شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگی رہیں اور شہری شدید ذہنی و جسمانی مشکلات کا شکار ہوئے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس حکام اپنی اصل ڈیوٹیز میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ بلاجواز چالان بند کیے جائیں اور شہریوں کو عید کے موقع پر آسان، منظم اور محفوظ ٹریفک نظام فراہم کیا جائے ۔