کسٹمز نے سرکاری گاڑی ضبط کر لی
کراچی (خبرایجنسیاں)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کسٹمز کی جانب سے سندھ حکومت کی گاڑی ضبط کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز نے سندھ حکومت کی سرکاری گاڑی کو نان کسٹم پیڈ کا دعویٰ کر کے ضبط کر لیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر گاڑی کی دستاویزات شیئر کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے لکھا کہ گاڑی انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی ملکیت ہے جو تمام دستاویزات دکھانے کے باوجود تحویل میں لی گئی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا گاڑی انڈس موٹرز کمپنی کے آفیشل آؤٹ لیٹ سے خریدی گئی تھی، صوبائی حکومت کے محکمے کے ساتھ ایسا رویہ ناقابل قبول ہے ۔شرجیل انعام میمن نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کسٹمز فوری طور پر گاڑی واپس کرے اور تحریری معافی مانگے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے محکمے کے ساتھ اس طرح کی نااہلی اور ناقابل قبول رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔سینئر وزیر نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کسٹمز فوری طور پر گاڑی کو محکمے کے سپرد اور معاملے پر تحریری معذرت جاری کرے ۔