ایران کا قطر میں راس لفان انڈسٹریل سٹی پر حملہ، بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی
دوحہ: (عوامی درشن) ایران نے قطر میں راس لفان انڈسٹریل سٹی پر مزائلوں سے حملہ کیا جس کے بعد وہاں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق قطر انرجی نے کہا ہے کہ قطر میں راس لفان انڈسٹریل سٹی پر بدھ کی شام میزائل سے حملہ کیا گیا جس کے بعد آگ لگ گئی، آگ بجھانے کیلئے ٹیمیں روانہ کر دی گئیں، حملے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
قطر نے راس لفان انڈسٹریل سٹی کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، اور اس کارروائی کو خطرناک کشیدگی اور ریاستی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اپنی قومی سلامتی اور خطے کے استحکام کیلئے براہ راست خطرہ قرار دیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اگرچہ قطر نے اس جنگ کے آغاز سے ہی خود کو اس سے الگ رکھا اور کسی بھی کشیدگی میں شامل نہ ہونے کی پالیسی اپنائی، تاہم ایرانی فریق مسلسل اسے اور پڑوسی ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے جو ایک غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے اور یہ علاقائی سلامتی کو کمزور کر رہا ہے جبکہ عالمی امن کیلئے بھی خطرہ ہے۔