مارکیٹ میں سبزیاں و پھل سرکاری قیمتوں سے مہنگے
لاہور (کامرس رپورٹر سے )انتظامیہ سبزیاں،پھل مقررہ نرخوں پرفروخت نہ کراسکی ۔ سبزی مارکیٹ میں ٹماٹر کا سرکاری نرخ پانچ روپے اضافے کے بعد 65 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے ، تاہم مارکیٹ میں ٹماٹر 80 سے 100 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے ۔ پیاز کا سرکاری نرخ 60 روپے فی کلو ہے مگر درجہ اول پیاز 70 سے 80 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے ۔نئے آلو کا سرکاری نرخ 20 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں مکس آلو 40 اور درجہ اول آلو 50 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ لہسن چائنہ کا سرکاری نرخ 530 روپے فی کلو ہے لیکن مارکیٹ میں یہ 600 روپے تک پہنچ چکا ہے ۔ اسی طرح ادرک تھائی لینڈ کا سرکاری نرخ 280 روپے فی کلو مقرر ہے مگر مارکیٹ میں ادرک 400 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
دیگر سبزیوں میں پھول گوبھی 50 روپے فی کلو، سبز مرچ 160، بھنڈی 250 اور شملہ مرچ 140 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے جبکہ ساگ، پالک، شلجم، گاجر اور مولی 40 سے 50 روپے فی کلو تک دستیاب ہیں۔پھلوں کی قیمتیں بھی شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ امرود درجہ اول کا سرکاری نرخ 145 روپے فی کلو ہے لیکن مارکیٹ میں یہ 250 روپے تک فروخت ہو رہا ہے ۔ خربوزہ درجہ اول 150 روپے جبکہ درجہ دوم 120 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے ۔ کیلا درجہ اول سرکاری طور پر 240 روپے درجن ہے مگر مارکیٹ میں 300 روپے درجن تک فروخت ہو رہا ہے ۔سیب ایرانی کا سرکاری نرخ 400 روپے فی کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں یہ 500 روپے تک پہنچ گیا ہے ۔ سٹرابری کا سرکاری نرخ 260 روپے ہے مگر مارکیٹ میں 400 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے ۔ دوسری جانب برائلر گوشت کا سرکاری نرخ بدستور 511 روپے فی کلو برقرار ہے جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 200 روپے فی درجن پر برقرار ہے۔