اسلام آباد: صدر پاکستان Asif Ali Zardari اور وزیراعظم Shehbaz Sharif نے یومِ پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کر کے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا نظریہ پیش کیا جہاں وہ اسلامی اقدار کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے بزرگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔
صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد ہمیں بے شمار چیلنجز کا سامنا رہا، مگر قوم نے باہمی تعاون، محنت اور صلاحیت کے ذریعے مشکلات پر قابو پایا اور دفاعی و معاشی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی صورت ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر آزمائش میں عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا اور چیلنجز کے باوجود معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات قومی عزم کی علامت ہیں اور ملک کے دفاع کو ہر حال میں مضبوط رکھا جائے گا۔