ایسوسی ایٹ :امتحانی فیس ، آن لائن فارم جمع کرانیکا شیڈول
لاہور(خبر نگار)پنجاب یونیورسٹی نے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے سالانہ امتحانات 2026 کے لیے امتحانی فیس اور آن لائن فارم جمع کرانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے ۔ پنجاب یونیورسٹی کے مطابق ایسوسی ایٹ ڈگری آرٹس، سائنس اور کامرس پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے امتحانات کے لیے آن لائن فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 مارچ مقرر کی گئی ہے ۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام امیدوار اپنے امتحانی فارم صرف آن لائن جمع کرا سکیں گے جبکہ کسی بھی امیدوار کا فارم بذریعہ ہاتھ یا ڈاک وصول نہیں کیا جائے گا۔ یونیورسٹی کے اعلامیے کے مطابق پرائیویٹ امیدواروں کے لیے اے ڈی آرٹس کی امتحانی فیس 11 ہزار 290 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ اے ڈی سائنس کے امیدواروں کو 13 ہزار 40 روپے اور اے ڈی کامرس کے امیدواروں کو 15 ہزار 225 روپے فیس ادا کرنا ہوگی۔پنجاب یونیورسٹی کے مطابق لیٹ کالج امیدوار بھی 31 مارچ تک سنگل فیس کے ساتھ امتحانی فارم جمع کرا سکیں گے ۔ اس کے علاوہ ہیرنگ امپیئرڈ طلبہ کے لیے امتحانی فیس مکمل طور پر ختم کر دی گئی ۔یونیورسٹی حکام کا مزید کہنا ہے کہ پارٹ ون میں صرف وہی امیدوار امتحان میں شامل ہو سکیں گے جو ضمنی امتحان کے امیدوار ہیں، نئے امیدواروں کو پارٹ ون کے امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اسی طرح ڈویژن بہتر کرنے کے خواہشمند امیدوار بھی 31 مارچ تک اپنے امتحانی فارم جمع کرا سکتے ہیں۔