اڈیالہ جیل میں پمز اور الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم کا عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا معائنہ
راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں پمز اور الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا معائنہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پمز اور الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے ڈاکٹرز کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی، میڈیکل ٹیم میں ریٹینا اسپیشلسٹ ڈاکٹر ندیم قریشی بھی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق پمزکے ماہر امراض چشم ڈاکٹرعارف اور ڈاکٹر اوصل بھی میڈیکل ٹیم میں شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ میڈیکل ٹیم کے ہمراہ جدید طبی آلات سے لیس گاڑی بھی جیل پہنچی۔
ذرائع کے مطابق میڈیکل ٹیم کو جیل اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملےکی بھی معاونت حاصل رہی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ڈاکٹروں کی ٹیم بانی پی ٹی آئی کا فالو اپ چیک کرکے واپس روانہ ہوگئی۔
میڈیکل بورڈ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بینائی میں نمایاں بہتری آئی ہے: پمز
اس حوالے سے پمز انتظامیہ نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
پمز انتظامیہ کا کہنا ہےکہ آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا، بورڈ میں ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر محمد عارف خان شامل تھے۔
اعلامیے کے مطابق انٹرا وٹریئل انجیکشن کی دوسری خوراک کے بعد فالو اپ چیک اپ کیا گیا، دونوں آنکھوں کا تفصیلی معائنہ، فنڈواسکوپی اور او سی ٹی ٹیسٹ کیا گیا، میڈیکل بورڈ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بینائی میں نمایاں بہتری آئی ہے، موجودہ مرحلے پر بانی پی ٹی آئی کی بینائی تسلی بخش قرار دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے مزید علاج اور دیکھ بھال کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔
بشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی کرائی گئی
جیل ذرائع کے مطابق آج بشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی کرائی گئی۔
جیل ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی۔
جیل ذرائع کا کہنا ہےکہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی 40 منٹ تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے، بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی سے ان کی متاثرہ آنکھ کے بارے دریافت کیا۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات جیل مینول کے تحت کرائی گئی۔

0 Comments