فیصل آباد
تاریخ اشاعت: April 07, 2026

کپاس کی کاشت ، 30 اپریل تک فصل مکمل کرنے کی تاکید

 کپاس کی کاشت ، 30 اپریل تک فصل مکمل کرنے کی تاکید


کاشتکار محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کی کاشت یقینی بنائیں: محکمہ زراعت

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 اپریل تک کاشت مکمل کرتے ہوئے پودوں کا باہمی فاصلہ 12 انچ، وٹوں کا درمیانی فاصلہ 2 فٹ 6 انچ جبکہ فی ایکڑ پودوں کی تعداد 17 ہزار 500 رکھیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کی کاشت یقینی بنائیں۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ بی ٹی اقسام کے ساتھ کم از کم 10 فیصد رقبہ نان بی ٹی اقسام کے لیے مختص کیا جائے تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا نہ ہو سکے ۔ترجمان کے مطابق کپاس کی کاشت ترجیحاً پٹڑیوں پر کی جائے ۔ اس کے لیے مشینی طریقہ اختیار کیا جائے یا پٹڑیاں بنانے کے بعد ہاتھ سے چوپے لگائے جائیں۔ اگر کاشت ڈرل کے ذریعے کی جائے تو قطاروں کے درمیان فاصلہ اڑھائی فٹ رکھا جائے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ جب فصل کا قد ڈیڑھ سے دو فٹ ہو جائے تو ایک لائن چھوڑ کر دوسری لائن پر مٹی چڑھا کر پٹڑیاں بنا دی جائیں۔ پٹڑیوں پر کاشتہ فصل میں جڑی بوٹیوں کا کنٹرول آسان ہوتا ہے ، کھادوں کا بہتر استعمال ممکن ہوتا ہے ، پانی کی بچت ہوتی ہے اور بارشوں سے ہونے والے نقصان سے بھی تحفظ ملتا ہے ۔


Share Post
روزنامہ عوامی درشن ایپ انسٹال کریں Google Play App Store
آج کے دیگر کالمز