بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن، ایک کروڑ روپے ریکور، 6 صارف گرفتار
ملتان ،وہاڑی ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر بہاولپور اور وہاڑی سرکلوں کے علاقوں میں بھاری واجبات کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن کیاگیا۔ڈسکوسپورٹ یونٹ میں شامل فورسز نے ایک کروڑروپے سے زائد واجبات کی ادائیگی نہ کرنے پر 6نادہندگا ن اوربجلی چوروں کو موقع سے حراست میں لیکرگرفتارکروادیا اور قانونی کاروائی شروع کردی گئی۔چیف انجینئر /کسٹمرسروسز ڈائریکٹر سید جواد منصوراحمد کی ہدایت پر ایڈیشنل ایکسین /انچارج شبیر احمد کی سربراہی میں ایکسین احمد پور ایسٹ ڈویژن اور ایس ڈی او خانقاہ شریف سب ڈویژن کی سربراہی میں ڈسکوسپورٹ یونٹ میں شامل فورسزنے خانقاہ شریف سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف آپریشن کیا۔ میپکو ٹیم نے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے ہمراہ ایک کروڑروپے بقایاجات ادانہ کرنے پر 5مستقل نادہندگان کو موقع سے حراست میں لیا اور حوالات منتقل کردیا۔ ایکسین بوریوالہ ڈویژن فیاض حسین کھوکھراور ایس ڈی اوحاجی شیر سب ڈویژن بوریوالہ کی سربراہی میں جوائنٹ ٹیم نے مستقل نادہندہ صارف اور بجلی چور کو موقع سے حراست میں لیا اور پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ بہاولپور اور وہاڑی کے علاقوں سے گرفتارہونے والے مستقل نادہندگان کے خلاف قوانین کے مطابق کاروائی شروع کردی گئی ہے۔
