آپریشن ایپک فیوری میں تاریخی کامیابی، ایران کو جنگ بندی کیلئے گڑ گڑانا پڑا: پیٹ ہیگسیتھ
واشنگٹن: (عوامی درشن نیوز) امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا ہے کہ امریکا نے فیصلہ کُن آپریشن کیا، ایران کو جنگ بندی کے لیے گڑگڑانا پڑا، آپریشن ایپک فیوری ایک کامیاب اور تاریخی آپریشن رہا۔
امریکی وزیر دفاع و جنگ پیٹ ہیگستھ نے پریس کانفرنس میں ایران کے خلاف آپریشن ایپک فیوری کو تاریخی اور کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ایران کے دفاعی نظام، فضائیہ اور میزائل سسٹمز کو عملی طور پر تباہ کر دیا ہے۔
وزیر جنگ نے بتایا کہ 48 گھنٹوں میں جرات مندانہ آپریشن کے دوران امریکا نے اپنے 2 پائلٹس کو ایران سے بحفاظت نکالا، ایران کی اعلیٰ قیادت کو ہلاک کیا اور دفاعی فیکٹریاں زمین بوس کر دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے صرف ایک دن 40 دنوں میں خوش قسمت رہا اور اس دوران ایک امریکی طیارہ مار گرایا گیا۔
ہیٹ ہیگسیتھ نے مزید کہا کہ امریکی افواج نے منگل کی رات ایران پر 800 ہدف شدہ حملے کیے، ایران کی دفاعی صنعتی تنصیبات اور اسلحہ ساز فیکٹریاں تباہ کیں، اور سینکڑوں میزائل ہدف پر پہنچنے سے قبل ناکارہ کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں 13 بہادر امریکی جوان ہلاک ہوئے، تاہم مجموعی طور پر یہ آپریشن امریکا کے لیے تاریخی کامیابی اور خطے میں حقیقی امن کی راہ ہموار کرنے والا ثابت ہوا۔
انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج کی اس کامیابی کو کسی اور صدر کے دور میں حاصل نہیں کیا جا سکتا، اور اب خطے میں حقیقی امن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج کے اعلیٰ افسران کو ہلاک کردیا گیا ہے،ایران کا نیا سپریم لیڈر زخمی ہے، ایران میں آپریشن کے دوران 13ہزاز اہداف کو نشانہ بنایا، ایران کی اسلحہ بنانے والی 90فیکٹریاں تباہ کردیں۔
پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ہماری افواج کا میدان میں کام ختم ہوچکا، مگر پس پشت ہروقت تیار ہیں، ایرانی قیادت نے بھی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، باقی امریکی صدر بات کہتے تھے، ڈونلڈ ٹرمپ نے کرکے دکھایا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بہتر ڈیل کوئی نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران میں فوجی اہداف حاصل کرلیے ہیں، اب ہمارے پاس حقیقی امن کا ایک موقع ہے، جنگ بندی صرف ایک وقفہ ہے، دوبارہ جنگ کی تو ہم تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، بحرین، یو اے ای اور قطر نے ایران کی جانب سے حملوں پر اپنا دفاع کیا، امریکا کا ساتھ دینے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آبنائے ہُرمز کھل گیا، تجارت شروع ہوگئی ہے، معاہدہ نہ ہوا تو امریکا ایران کے خلاف دوبارہ اسی نوعیت کے حملے کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو 90 فیصد تک تباہ کر دیا: جنرل ڈین کین
دوسری جانب جنرل ڈین کین نے کہا کہ 38 روزہ آپریشن میں امریکا نے شاندار کامیابی حاصل کی اور اس موقع پر امریکی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ جنگ کے دوران 13 امریکی فوجیوں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جبکہ 520 اہلکار ایرانی حملوں میں زخمی ہوئے۔
جنرل کین کے مطابق حالیہ پائلٹ ریسکیو مشن میں 155 طیارے شریک تھے اور اس آپریشن کے دوران دشمن کے علاقے میں داخل ہو کر پائلٹ کو بحفاظت نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریت میں پھنس جانے والے امریکی طیاروں کو خود تباہ کیا گیا تاکہ ٹیکنالوجی دشمن کے ہاتھ نہ لگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ریسکیو آپریشن میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جسے انہوں نے ’عسکری معجزہ‘ قرار دیا۔
جنرل ڈین کین نے دعویٰ کیا کہ ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو 90 فیصد تک تباہ کر دیا گیا ہے اور اب یہ بڑا خطرہ نہیں رہا۔
