اسلام آباد: (عوامی درشن) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اپنا سہ ملکی دورہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ مکمل کرکے انطالیہ سے پاکستان روانہ ہو گئے۔
انطالیہ ایئرپورٹ پر ترکیہ کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سفیر تولگا برمیک، سفیر نیلوفر کیگسیز، ممبر ترکیہ پارلیمنٹ برہان قایاترک اور پاکستان کے ترکیہ میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔
وزیرِاعظم کا تین روزہ دورہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دوروں پر مشتمل تھا جہاں وزیرِاعظم نے تینوں برادر ممالک کی قیادت سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
اپنے دوروں کے دوران وزیرِ اعظم نے برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کی مزید مضبوطی، خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں اور خطے و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور وزیرِ اعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ ہم نے اپنی مصروفیات کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ سعودی عرب اور قطر کے دورے نہایت نتیجہ خیز رہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے بامقصد دوطرفہ مذاکرات ہوئے، انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیرِ اعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات کی، انطالیہ ڈپلومیسی فورم عالمی پلیٹ فارم کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انطالیہ فورم پر امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے مختلف نقطۂ نظر اکٹھے ہوتے ہیں، ترکیہ کی مہمان نوازی اور شاندار انتظامات پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں، فورم کو ترک وزیر خارجہ حاکان فدان نے کامیاب بنایا۔
