فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ، 111پوائنٹس کی چیکنگ، جرمانے
ملتان ( سٹی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ملتان ڈویژن بھر میں خصوصی انسپکشن مہم جاری رکھی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بس سٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز، موٹروے سروس ایریاز اور دیگر مقامات پر 111 فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 64 فوڈ پوائنٹس کو بہتری کے لئے وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے ، جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات اور ایکسپائر اشیا کی موجودگی پر 7 فوڈ پوائنٹس کو ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کئے گئے ۔ کارروائی کے دوران 30 کلوگرام غیر معیاری اور زائدالمیعاد خوراک بھی تلف کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق ملتان میں 45، وہاڑی میں 40، لودھراں میں 10 اور خانیوال میں 16 فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں موٹروے پر ملتان اور خانیوال کے نارتھ اور ساؤتھ ریسٹ ایریاز میں 32 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیمیں ہر خاص موقع پر فیلڈ میں موجود رہتی ہیں اور خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
