گندم خریداری :ملتان ڈویژن میں 17مراکز قائم
خانیوال 1لاکھ 3ہزار500، وہاڑی 1لاکھ 4ہزار 400میٹرک ٹن خریداری ہدف مقرر
ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت گندم خریداری مہم 2026 کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن بھر میں جاری خریداری عمل، مقررہ اہداف، سنٹرز کی فعالیت، باردانہ کی دستیابی اور کسانوں کی رجسٹریشن سمیت تمام امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی گندم خریداری پالیسی 2026 کے تحت صوبہ بھر میں 3.0 ملین میٹرک ٹن ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ خریداری کا عمل نجی شعبہ/ایگریگیٹرز کے ذریعے مکمل کیا جا رہا ہے ۔ گندم کی امدادی قیمت 3500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر ہے اور کسانوں کو ادائیگی گندم وصولی کے بعد 72 گھنٹوں کے اندر کراس چیک یا آن لائن بینکنگ کے ذریعے یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ ملتان ڈویژن کے حوالے سے بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 3 لاکھ 24 ہزار 400 میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جس میں ضلع ملتان کا ہدف 43 ہزار 900 میٹرک ٹن، خانیوال 1 لاکھ 3 ہزار 5 سو میٹرک ٹن، وہاڑی 1 لاکھ 4 ہزار 5 سو میٹرک ٹن جبکہ لودھراں کا ہدف 72 ہزار 500 میٹرک ٹن مقرر ہے ۔
