کمشنر کا ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ، بریفنگ
متعلقہ افسر منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرانے کیلئے کمربستہ رہیں:مسرف جبیں
فیصل آباد،ٹو بہ ٹیک سنگھ (خصوصی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر )کمشنر فیصل آباد ڈویژن مسرت جبیں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا ، ڈی سی آفس میں اجلاس میں انہیں بتایا گیا کہ ضلع ٹوبہ میں 20 ارب روپے سے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے جسکے تحت سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن وبحالی کی جارہی ہے ، اس پروگرام کے تحت جون 2027 تک ضلع کا کوئی گلی؍محلہ معیاری سیوریج سسٹم سے محروم نہیں رہے گا۔علاوہ ازیں 45 ارب روپے سے ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کے تحت 50 منصوبوں،سیپ پروگرام کی 40 سکیموں پر عملدرآمد،4 مثالی گاوں اور 2 ماڈل بازار زیر تعمیر، اسی طرح بیوٹیفکیشن کی 3 سکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ سمیت ترقیاتی پروگرامز پر عملدرآمد کرانے والے افسر بھی شریک تھے۔
کمشنر نے افسروں کوہدایت کی کہ وہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرانے کیلئے کمربستہ رہیں،کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے ۔انہوں نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کمالیہ کو بلاتاخیر مکمل کرانے کیلئے ہدایت جاری کی،انہوں نے ٹوبہ میں فوڈ سٹریٹ ،پارکس کی تزئین وبحالی کے جاری کاموں پر بھی بریفنگ لی، کمشنر نے سٹی پارک میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور پارک میں فیملیز اور شہریوں کیلئے تفریحی سہولیات کو سراہا۔کمشنر نے سہولت بازار،جنرل بس سٹینڈ،بیوٹیفکیشن پراجیکٹس،ڈویلپمنٹ سکیمز سمیت دیگر سائٹس کا دورہ بھی کیا، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر کمشنر نے کہا مریضوں کو علاج معالجہ کی معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہسپتال کو مزید اپ گریٹ کیا جائے گا۔کمشنر نے شہر بھر میں صفائی کا معیار بھی دیکھا۔
