پہلگام واقعے پر بھارتی پروپیگنڈا سچائی کی طاقت سے شکست کھا گیا، عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے پر پاکستان نے بھارتی پروپیگنڈے اور من گھڑت خبروں کا مقابلہ ذمہ دارانہ اور حقیقت پر مبنی بیانیے سے کیا جبکہ معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر دنیا پاکستان کو ایک سنجیدہ اور مضبوط ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بھارتی میڈیا پر ڈرامہ نگاری اور سنسنی خیزی کا بازار گرم تھا، لیکن پاکستان نے دنیا کے سامنے حقائق رکھے کیونکہ سچائی دشمن کے لیے ناقابلِ برداشت تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے خوف کے باعث پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندیاں لگائیں، تاہم پاکستان نے جوابی پابندیوں کے بجائے اپنی ڈیجیٹل حکمت عملی تبدیل کی، بھارتی چینلز پر جاری ’کامیڈی اور تھیٹر‘ جنگی تناؤ میں ایک طرح کا ریلیف بن گیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے انکشاف کیا کہ پاکستانی ٹیم نے بھارتی مقامات کو جیو ٹیگ کرکے وہاں کے صارفین تک ملی نغمے، مسلح افواج کے ترانے اور جے ایف-17 تھنڈر کی ویڈیوز پہنچائیں، جس کے بعد بھارتی عوام اپنی حکومت سے سوالات کرنے لگے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لیے الگ حکمت عملی اپنائی گئی جس کے مثبت اور دور رس نتائج سامنے آئے، انہوں نے وزیراعظم کے وژن اور عسکری قیادت، خصوصاً عاصم منیر کی دفاعی و سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سول و عسکری قیادت کی ہم آہنگی سے پاکستان دفاعی اور معاشی میدان میں مزید مضبوط ہوگا۔
