معاشی بہتری کیلئے ن لیگ اتحادیوں سے مشاورت کرے : پیپلزپارٹی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہائبرڈ نظام نہیں پارلیمان کی منتخب کردہ جمہوری حکومت پر یقین رکھتی ہے ، ن لیگ کی حکومت پیپلز پارٹی کی حمایت سے قائم ہے حکومت میں شامل نہ ہونا سی ای سی کا فیصلہ تھا، چیرمین۔بلاول بھٹو کی بحیثیت وزیر خارجہ کارکردگی بین الاقومی اور ملکی سطح پر تسلیم شدہ ہے ،اسحق ڈار نے خارجہ محاذ پر انتھک محنت کی، کارکردگی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ نیر بخاری نے بیان میں کہا ہے کہ ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے ہماری معیشت شدید متاثر ہوئی ہے ، حکومت کو اقدامات کرنا ہونگے ، ن لیگ کو اتحادی جماعتوں کی قیادت سے معاشی بہتری کیلئے مشاورت کرنی چاہئے ، نیئر حسین بخاری نے مزید کہا ہے کہ آج کسان کاشتکار سب سے زیادہ متاثرہوئے ہیں، حکومت کو زرعی شعبے کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنی چاہئے ، سولر بجلی کیلئے حکومت سہولیات دے نہ کہ مشکلات پیدا کی جائیں۔
