وفاقی کابینہ نے مالی سال 27-2026 کیلئے بجٹ دستاویزات اور فنانس بل کی منظوری دیدی
وفاقی کابینہ نے مالی سال 27-2026 کیلئے بجٹ دستاویزات اور فنانس بل کی منظوری دیدی
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 27-2026 کے لیے بجٹ دستاویزات اور فنانس بل کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ پر بریفنگ دی، جس کے بعد کابینہ نے وفاقی بجٹ 27-2026 کے مسودے کی منظوری دے دی۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سے متعلق تجاویز پر غور جاری ہے، گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں نسبتاً زیادہ اضافہ کیا جائے گا، جبکہ دیگر سرکاری ملازمین کے لیے بھی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق اقدامات بجٹ کا حصہ ہوں گے۔بعدازاں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران کیمرا ٹیم کو کمیٹی روم سے باہر نکال دیا گیا، وفاقی کابینہ کا اجلاس ان کیمرا کر دیا گیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف نے بجٹ 27-2026 میں بھرپور ساتھ دینے پر اتحادی جماعتوں سے اظہارِ تشکر کیا، آئی ایم ایف کی معاونت کا بھی شکریہ ادا کیا، وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت نے ڈیسک بجاکر وزیراعظم کی تائید کی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج ہم اپنی حکومت کا تیسرا بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں، ہمیں عام آدمی کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے۔وزیراعظم نے اعتراف کیاکہ حکومت کو قومی تقاضوں اور آئی ایم ایف کی ضروریات کے پیش نظر ٹیکس عائد کرنا پڑے تاکہ معیشت کو مستحکم کیا جا سکے اور ترقی کے مواقع کو مزید وسعت دی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ یقیناً اس کے باعث عام آدمی کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور میں ذاتی طور پر اور کابینہ کی جانب سے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مہنگائی کو صبر و تحمل کے ساتھ برداشت کیا۔اپنے خطاب کے آغاز میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ وہ ان شہدا کی نمازِ جنازہ میں شرکت کرکے آئے ہیں جنہوں نے دورانِ ڈیوٹی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن میں 2 مسیحی شہری بھی شامل تھے۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک دل دہلا دینے والا منظر تھا جس نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا،وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے اپنی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی دردناک لمحہ تھا۔قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الحمدللہ اس بجٹ کو بہت محنت اور خلوص سے تیار کیا گیا ہے۔الحمدللہ اس بجٹ کو بہت محنت اور خلوص سے تیار کیا گیا ہے، اور پاکستان کی عظیم قوم کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
