عاشورہ محرم، نشتر ہسپتال میں انتظامات مکمل، 30 بستروں کا وارڈ مختص
ملتان(ہیلتھ رپورٹر)وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خان کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے نشتر ہسپتال میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر زاہد کے مطابق شعبہ حادثات کی دوسری منزل پر تقریباً 30 بستروں پر مشتمل خصوصی وارڈ تیار کر کے مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے تاکہ مریضوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ایم ایس ڈاکٹر راؤ امجد علی خان کا کہنا ہے کہ تمام ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے ۔ مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے اضافی ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور پیرامیڈیکل عملہ بھی ڈیوٹی پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ محرم کے ایام میں کسی بھی مریض و عزادار کو علاج معالجے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس حوالے سے ایم ایس نشتر ہسپتال کا کہنا ہے کہ عاشورہ محرم کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں ۔ڈاکٹروں اور عملے کو ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
