پیپلز پارٹی نے شہریوں کی امیدوں پر ڈاکا ڈالا، منعم ظفر خان
کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع شمالی طارق مجتبیٰ اور ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف کے ہمراہ ٹی ایم سی نیو کراچی کے تحت خیابان مہران 11-بی سڑک کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی گزشتہ کئی دہائیوں سے حکمرانوں کی نااہلی، اختیارات کی عدم منتقلی اور وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کا شکار ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کے ساتھ ناانصافی کی، شہریوں کی امیدوں پر ڈاکا ڈالا اور ان کے بنیادی حقوق کو نظرانداز کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو قومی اسمبلی میں دعویٰ کرتے ہیں کہ کراچی جیسا بلدیاتی نظام لاہور میں بھی ہونا چاہیے، لیکن وہ یہ بتائیں کہ کیا لاہور کے عوام ایسا نظام قبول کریں گے جہاں بلدیاتی نمائندوں کے پاس نہ اختیارات ہوں اور نہ ہی وسائل؟
منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی میں موجود بلدیاتی نظام درحقیقت اختیارات پر قبضے کا نظام ہے۔ میئر کے پاس اختیارات اور وسائل موجود ہیں، جبکہ ٹاؤن اور یوسی چیئرمینوں کو عوامی مسائل کے حل کے لیے ضروری وسائل فراہم نہیں کیے جاتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سے کچرا اٹھانے کا نظام بھی وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے ماتحت رکھا ہوا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے بجائے اختیارات کو محدود رکھا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ گزشتہ سال کراچی کے لیے 9 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، جبکہ رواں سال ساڑھے تین ارب روپے بھی فراہم کرنا مشکل بنا دیا گیا ہے۔ اس کے باوجود جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے محدود وسائل میں بھی عوام کی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
