تازہ ترین
تاریخ اشاعت: June 25, 2026

اقوام متحدہ نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کے انخلا کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا

 اقوام متحدہ نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کے انخلا کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا


تہران: (عوامی درشن) عمان کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے میں کارگو جہاز پر حملے کے بعد اقوامِ متحدہ کی بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کے انخلا کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا۔

بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم کے سیکرٹری جنرل آرسینیو ڈومنگیز نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے جہازوں کے انخلا کے لئے تنظیم کی جانب سے اس ہفتے شروع کیا گیا خصوصی منصوبہ عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ خلیج عمان میں تجارتی جہاز پر حملے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔

آئی ایم او کے مطابق، انخلا کے عمل کی عارضی معطلی کے دوران سکیورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا اور متعلقہ فریقوں سے حفاظتی انتظامات کی تصدیق حاصل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی یو کے ایم ٹی او نے رپورٹ کیا تھا کہ ایک جہاز کو عمان کی بندرگاہ دہیت سے جنوب مشرق میں 7.5 سمندری میل کے فاصلے پر ’نامعلوم پروجیکٹائل‘ سے نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

سمندری خطرات کے حوالے سے کام کرنے والی کمپنی وین گارڈ کے مطابق کہ سنگاپور کے جھنڈے تلے چلنے والا جہاز ایور لَوَلی حملے کے باوجود آبنائے سے گزر گیا۔

فروری سے امریکہ،اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث خلیج میں سینکڑوں جہاز اور ہزاروں ملاح پھنسے ہوئے ہیں۔

آبنائے ہرمز سے جہازوں اور ملاحوں کے انخلا کے لیے اقوامِ متحدہ کے آپریشن کا اعلان منگل کو اس وقت کیا گیا تھا جب آبنائے دوبارہ کھولی گئی تھی، ڈومنگیز کے مطابق اس ’بڑے پیمانے کے آپریشن‘ میں ایران، عمان، امریکہ اور خطے کے دیگر ساحلی ممالک اور میری ٹائم انڈسٹری کا تعاون حاصل تھا۔

Share Post
روزنامہ عوامی درشن ایپ انسٹال کریں Google Play App Store
آج کے دیگر کالمز