تازہ ترین
تاریخ اشاعت: July 11, 2026

بلوچستان میں آپریشن ’شعبان‘ جاری، ایک دن میں فتنہ الہندوستان کے 14 دہشت گرد ہلاک

 بلوچستان میں آپریشن ’شعبان‘ جاری، ایک دن میں فتنہ الہندوستان کے 14 دہشت گرد ہلاک


کوئٹہ :( عوامی درشن نیوز) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز آپریشن ’شعبان‘ جاری ہے، تازہ کارروائیوں میں مزید 5 دہشت گرد مارے گئے، ایک دن میں مجموعی تعداد 14 ہو گئی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کو ’ فتنہ الہندوستان‘ سے وابستہ قرار دیا گیا ہے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، دستی بم، موٹرسائیکل، موبائل فون، کالعدم تنظیم کے جھنڈے اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ  دہشت گردوں، ان کے مبینہ سرپرستوں اور سہولت کاروں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے افواجِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ 

قبل ازیں سکیورٹی فورسز نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور دراز راستوں میں چھپے دہشت گردوں کو ہوائی اور زمینی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایاجس میں 9 شرپسندوں کو جہنم واصل کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 57 ہو چکی ہے، 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 93 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک فوج، ایف سی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم پر بوجھ ہیں، ان کا جڑ سے خاتمہ ناگزیر ہے، امن دشمنوں کو کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

Share Post
روزنامہ عوامی درشن ایپ انسٹال کریں Google Play App Store
آج کے دیگر کالمز