سکائی 47 منصوبہ پاکستان کے محفوظ، ترقی یافتہ اور ڈیجیٹل مستقبل کی ضمانت ہے، اتحاد اور عزم سے کوئی ہدف ناقابلِ حصول نہیں
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹر اور اے آئی کلاؤڈ "سکائی 47 قراقرم ون" کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکائی 47 قراقرم ون منصوبہ پاکستان کے متحرک، ترقی یافتہ اور محفوظ مستقبل کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قوم امید، حوصلے اور اتحاد کے ساتھ چیلنجز کا مقابلہ کرے تو معرکۂ حق جیسے تاریخی کارنامے سرانجام دیے جا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ جدید ڈیٹا سینٹر پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل اور قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے منصوبے کو مختصر مدت میں مکمل کرنے والی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی عزم، اعلیٰ مہارت اور پختہ یقین کے ساتھ ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسی جذبے سے کام جاری رکھا جائے تو پاکستان ماضی کے نقصانات کا ازالہ کرتے ہوئے ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بن سکتا ہے۔
