پرائمری تک اے آئی تعلیم متعارف کرانے کا فیصلہ
ملتان (ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب حکومت نے سرکاری پرائمری سکولوں میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر کے تمام پرائمری سکولوں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس لیبز قائم کرنے اور پانچویں جماعت تک اے آئی کی تعلیم متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے پرائمری سطح پر اے آئی کو نصاب کا حصہ بنانے کے لئے باقاعدہ نصاب تیار کر لیا ہے ۔ اس منصوبے کے تحت طلبہ کو ابتدائی عمر سے مصنوعی ذہانت کے بنیادی تصورات، جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے روشناس کرایا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ اے آئی مضمون کی تدریس کے لئے ماہرین تعلیم کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا، کیونکہ اس وقت سرکاری سکولوں میں نہ تو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے اساتذہ موجود ہیں اور نہ ہی متعلقہ لیبارٹریوں کی سہولت دستیاب ہے ۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں اے آئی کو بطور علیحدہ مضمون نصاب میں شامل کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں پرائمری سکولوں میں جدید سائنس اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس لیبز قائم کی جائیں گی تاکہ طلبہ کو عملی تربیت بھی فراہم کی جا سکے ۔حکام کے مطابق اگر منصوبے کے لئے مطلوبہ فنڈز دستیاب نہ ہو سکے تو متبادل تجویز کے طور پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بنیادی اسباق کو سائنس کی کتاب میں شامل کیا جا سکتا ہے ۔ذرائع کے مطابق اے آئی نصاب کی اشاعت کی حتمی منظوری آئندہ بورڈ اجلاس میں دی جائے گی، جبکہ نئے تعلیمی سال 2027 سے اس نصاب کو مرحلہ وار نافذ کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔
