امریکا اور اسرائیل کو جنگی جرائم کی سزا اور ہرجانہ ادا کرنا ہوگا: سربراہ ایرانی عدلیہ
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی نے کہا ہے کہ امریکا اور صہیونی حکومت (اسرائیل) نے ایران اور ایرانی عوام کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم ان جنگی جرائم کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور انہیں سزا دلوانے کے لیے پرعزم ہیں، مجرموں کو نہ صرف سزا ملنی چاہئے بلکہ انہیں اپنے جرائم کے مطابق ہرجانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
چیف جسٹس غلام حسین محسنی نے بین الاقوامی اور غیر ملکی ممتاز و تجربہ کار وکلا اور قانونی ماہرین کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس کا مقصد ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مبینہ جنگی جرائم کے مقدمات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی تقریباً آٹھ دہائیوں سے فلسطین اور لبنان میں جرائم، قتلِ عام، نسل کشی اور بچوں کے قتل میں ملوث رہے ہیں، ہم ان کے خلاف ہر ممکن طریقے سے جدوجہد جاری رکھیں گے، اور جہاں بھی ان کے خلاف مزاحمت کا پرچم بلند ہوگا، ہم اس کی حمایت اور مدد کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔
ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ مجرموں کو یقین ہونا چاہئے کہ ہم ایرانی قوم کو پہنچائے گئے نقصان کا ہرجانہ بھی ان سے وصول کریں گے۔
